مصنّف: پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی
صفحات: 136، قیمت: درج نہیں
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالنوی، بینک اسٹاپ، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
مصنّف کا کہنا ہے کہ’’ قائدِ اعظمؒ سے متعلق بے شمار کتابیں لکھی جاچُکی ہیں، لیکن اب بھی مختلف انداز اور پہلوؤں سے اُن کی شخصیت و کردار کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے‘‘اور اِسی سوچ کے تحت یہ کتاب تحریر کی گئی ہے۔ ایک مقام پر ’’تصوّرِ پاکستان‘‘ کے عنوان سے تحریر کیا گیا ہے کہ’’قائدِ اعظم کے سامنے ایسے پاکستان کا تصوّر تھا، جو علاقائی، لسانی تعصّب، مفاد پرستی اور تنگ نظری سے پاک ہو۔
جہاں اعلیٰ اخلاقی صفات کے حامل افراد اسلامی روایات و اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ پاکستان بلاشبہ مذہب کے نام پر قائم ہوگا، لیکن وہ مذہبی تعصّب اور تنگ نظری سے پاک ہوگا۔‘‘ یہ مضامین مختلف اخبارات و جرائد میں شایع ہوچُکے ہیں، تاہم اب ان میں کچھ ترمیم و اضافہ کیا گیا ہے۔
مصنّف کے مطابق ’’ یہ کوئی تحقیقی کتاب نہیں ہے اور نہ ہی اس کے مخاطب دانش ور اور محقّقین ہیں۔ یہ عام قارئین، بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ کے لیے تحریر کی گئی ہے۔‘‘