ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) نے برسلز میں فلیمش پارلیمنٹ کا دورہ کیا، جسے وسیع پیمانے پر دنیا کی امیر ترین پارلیمنٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔
فلیمش پارلیمنٹ کے ممبر محمد حامد قاسمی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، یہ اجلاس مشن پاکستان سیریز کی چوتھی ملاقات ہے جس کا مقصد پاکستان کے امیج کو بہتر بنانا اور اس کی بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانا تھا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر لوہسر نے موجودہ پاک بھارت صورتِ حال پر ایک جامع بریفنگ دی۔
انہوں نے خاص طور پر تنازعات کے بعد ہونے والی پیش رفت پر توجہ مرکوز کراتے ہوئے حامد قاسمی کو آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران اور اس کے بعد پاکستان کی عالمی سطح پر کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کو ’عالمی سطح پر ایک ذمے دار اور سمجھدار قوم‘ کے طور پر پیش کیا۔
ڈاکٹر لوہسر نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ کامیاب دورۂ امریکا پر بھی روشنی ڈالی اور پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کو تقویت دینے میں اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور اقتصادی تعاون پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا، مزید برآں ڈاکٹر لوہسر نے مسٹر قاسمی کو EU-Pak Friendship Federation Europe کی طرف سے ’دنیا کی جغرافیائی سیاسی محرکات کو تبدیل کرنے‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے آئندہ بین الاقوامی سیمینار کے بارے میں آگاہ کیا۔
یہ تاریخی دورہ فلیمش پارلیمنٹ میں کسی پاکستانی نمائندے کی پہلی باضابطہ موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے، جو پاکستان اور یورپی قانون ساز اداروں کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی مصروفیات کی عکاسی ہے۔
اس موقع پر برسلز پارلیمنٹ کے نامزد رکن چوہدری علی لوہسر بھی موجود تھے، انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی قیادت اور یورپی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔