ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف نصف سنچری اسکور کی اور انوکھے جشن منانے کے انداز سے چھا گئے۔
فرحان نے اپنی نصف سنچری بھارتی بالر کی گیند پر چھکا لگا کر مکمل کی، دائیں ہاتھ کے بیٹر نے محض 29 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
ففٹی کے بعد فرحان نے بلے کو رائفل کی طرح تھام کر فائرنگ کی نقل کی، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین جھوم اٹھے، یہ منظر فوری کیمروں میں قید ہوگیا اور چند لمحوں میں سوشل میڈیا پر اس کا چرچا ہونے لگا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اسے ٹورنامنٹ کی سب سے دلچسپ اور یادگار سیلیبریشن قرار دیا، جبکہ بعض شائقین نے اس جشن کو پاکستان ایئر فورس کی حالیہ مئی میں بھارتی جنگی طیاروں بشمول رافیل کو مار گرانے کی کارروائی سے جوڑ دیا اور کہا کہ یہ جشن میدان سے باہر بھی ایک طاقتور پیغام تھا۔
اسی میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا پاور پلے اسکور بنایا اور ابتدائی 6 اوورز میں 55 رنز حاصل کیے، فخر زمان نے 15 اور صائم ایوب نے 9 رنز بنا کر حصہ ڈالا، مجموعی طور پر بیٹنگ لائن نے 143.24 کے اسٹرائیک ریٹ اور 9.16 کے رن ریٹ کے ساتھ دبنگ آغاز فراہم کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی بیٹر آصف علی نے افغانستان کے خلاف ایک میچ میں چھکے مارنے کے بعد اسی طرح کا اشارہ کیا تھا۔