پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ 26-2025ء میں شان مسعود کی ڈی کیٹیگری میں تنزلی کی گئی تھی۔
سینٹرل کنٹریکٹ میں ون ڈے کپتان محمد رضوان اور ٹی ٹونٹی کپتان سلمان آغا کو بی کیٹیگری دی گئی۔
شان مسعود گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری میں شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کو ایک مرتبہ پھر سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری ملنے کا امکان ہے۔
شان مسعود کی آج چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ہوئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتان شان مسعود اور کوچ اظہر محمود کو مکمل سپورٹ اور فری ہینڈ دینے کا کہا ہے۔ فری ہینڈ دیے جانے کے بعد شان مسعود کو کپتانی سے ہٹانے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سرکل 27-2025ء تک کپتان برقرار رکھے جانے کا قوی امکان ہے۔