دہلی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان متھن منہاس کو باضابطہ طور پر بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں متھن منہاس کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اِن سے قبل راجر بنی کے اگست 2025ء میں مستعفی ہونے کے بعد راجیو شکلا نے قائم مقام صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی ہوئی تھیں۔
متھن منہاس بی سی سی آئی کی صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے تیسرے سابق کرکٹر ہیں، اس سے قبل سابق کرکٹر سوربھ گنگولی اور راجر بنی بھی بی سی سی آئی کے صدر رہ چکے ہیں۔
بی سی سی آئی صدر کے لیے شاندار مراعات
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے نئے صدر متھن منہاس کا عہدہ اعزازی ہے، اس لیے اِنہیں اس منصب کے تحت کوئی باقاعدہ ماہانہ یا سالانہ تنخواہ نہیں ملے گی تاہم اِنہیں سرکاری کاموں کے لیے پُرکشش الاؤنسز اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
متھن منہاس کو ملنے والی مراعات سیکریٹری اور خزانچی جیسے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے برابر ہوں گی۔
متھن منہاس کو ملنے والے الاؤنسز
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے اندر اجلاسوں میں شرکت کرنے پر متھن منہاس کو 40 ہزار روپے بھارتی یومیہ الاؤنس دیا جائے گا۔
بیرونِ ملک اجلاسوں کے لیے یہ الاؤنس 1000 امریکی ڈالر (تقریباً 89 ہزار بھارتی روپے) یومیہ ہوگا۔
اگر متھن منہاس کو کسی سرکاری دورے پر ملک کے اندر سفر کرنا پڑا تو اِنہیں 30 ہزار (بھارتی روپے) یومیہ دیا جائے گا۔
سفر اور قیام کی سہولتیں
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر کو اندرونِ ملک سفر کے لیے بزنس کلاس اور بین الاقوامی دوروں کے لیے فرسٹ یا بزنس کلاس فضائی ٹکٹ فراہم کی جاتی ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس کو اندرونِ یا بیرونِ ملک قیام کے لیے اعلیٰ معیار کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سوئٹ فراہم کیا جائے گا۔