کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ ضلع وسطی کی ایک ٹیم نے نیا ناظم آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھر سے ویڈ کے 45پودے، 42 گرام فروخت کے لیے تیار ویڈ اور 30گرام ویڈ کے بیج برآمد کرلیے، ڈپٹی ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول کراچی ظہور الہی مزاری کے مطابق برآمد پودوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت پانچ کروڑ روپے سے زائد ہے، انھوں نے کہا کہ کاروائی کے دوران ایک ملزم محمد سلمان ولد محمد عرفان رانا سردار کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم خفیہ طور پر گھر میں ویڈ کی کاشت کرکے تیار ویڈ فروخت کرتا تھا تاہم ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور کوشش ہے کہ ملزم کے ممکنہ دیگر شراکت داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں۔