وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی ہے۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی احترام، استحکام اور مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور بڑھتی گرمجوشی کو سراہا گیا، امریکی ناظم الامور نے بین الاقوامی برادری میں ذمے دار اور مستقبل کے شراکت دار کے طور پر پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ملاقات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں افغانستان کی صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی، فریقین نے ایک پُرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے اتفاق کیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے افغان سر زمین سے پیدا چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹا جانا چاہیے۔
ملاقات کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں مزید مستحکم اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔