• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا ماضی میں سیلز ٹیکس فراڈ پر اظہار برہمی، تحقیقات کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے نے ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایف بی آر میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کو واشنگٹن میں سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آرکی شمولیت سے آگاہ کیا گیا۔ 

وزیراعظم کو ایف بی آر بالخصوص پاکستان ریونیو آٹو میشن لمیٹڈ میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی کانفرنس میں اصلاحات کی کیس اسٹڈی کی پذیرائی پر ایف بی آر ٹیم کی تعریف کی۔ 

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرال کی موجودہ نافذ العمل اصلاحات میں آڈٹ والٹ، ڈیٹا بیس پروٹیکشن وال اور دیگر محفوظ ڈیجیٹل اقدامات شامل ہیں۔ 

بریفنگ کے مطابق معلومات میں تبدیلی سے صارف کا آئی پی ایڈریس سسٹم میں درج ہو جائے گا اور ٹیکس فراڈ ممکن نہیں ہوگا۔ 

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 19-2018 میں شروع ہونے والے سیلز ٹیکس فراڈ سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔ 

اعلامیہ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پرال کے متروک نظام کے باعث سیلز ٹیکس فراڈ پر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ وزیراعظم نے 2018 سے شروع ہونے والے سیلز ٹیکس فراڈ پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی۔ 

بریفنگ کے مطابق نظام کی خامیوں کے تدارک کیلئے متعدد اصلاحات نافذ کر دی گئیں جو مجموعی اصلاحات کاحصہ ہیں۔ 

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ پرال کے نظام کا بین الاقوامی کنسلٹینسی فرم سے فرانزک آڈٹ کرایا جائے، وزیراعظم نے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کی ہدایت کی اور کہا تحقیقاتی کمیٹی 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے۔ 

وزیراعظم نے آئندہ تحقیقاتی رپورٹ میں شناخت ہونے والے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

قومی خبریں سے مزید