ماہرینِ فلکیات کے مطابق نومبر 4 اور 5 کو سال 2025 کا سب سے روشن اور قریب ترین سپر مون آسمان پر دیکھا جا سکے گا، جسے بیور مون (Beaver Moon) کے نام سے جانا جاتا ہے۔
یہ سپر مون زمین کے سب سے قریب فاصلے پر، یعنی تقریباً 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کی دوری پر ہوگا، جو اکتوبر کے سپر مون کے مقابلے میں تقریباً 2 ہزار 800 میل زیادہ قریب ہے۔
بیور مون کا نام شمالی امریکا کی روایات سے منسوب ہے، ناسا کے مطابق اگرچہ سپر مون سائز میں حقیقتاً بڑا نہیں ہوتا، لیکن زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ منظر ٹورڈ میٹیور شاورز کے ساتھ بھی دکھائی دے گا، جنہیں آسمان پر روشن آگ کے گولے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون کو دیکھنے کا بہترین وقت 4 یا 5 نومبر کی رات چاند نکلنے کے فوراً بعد ہوگا، ناظرین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مشرقی افق کے صاف منظر والے مقام سے مشاہدہ کریں تاکہ مون الیژن یعنی چاند کا بڑا دکھائی دینے والا حسین منظر واضح طور پر دیکھا جا سکے۔