• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: بیٹے نے فالج سے صحتیاب والد کو سرپرائز دے کر صارفین کے دل جیت لیے

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

امریکا میں ایک نوجوان نے فالج سے صحتیاب ہونے والے اپنے والد کو این ایف ایل چیمپئن شپ کے ٹکٹوں کا سرپرائز دے کر سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

یہ جذباتی لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور ہزاروں صارفین نے اس اقدام کو خوب سراہا۔

ارون گارشیا نامی نوجوان کے مطابق والد کی فالج سے صحت یابی کے دوران فٹ بال کا اہم کردار رہا، یہی وجہ ہے کہ والد کی مکمل صحتیابی کے بعد اپنے بھائی اور والد کو این ایف ایل چیمپئن شپ اسٹیڈیم میں دکھانے کا سرپرائز دیا۔

ارون گارشیا نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں مجھے والدہ کی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ والد گر پڑے ہیں اور ان کے جسم کا بایاں حصہ مفلوج ہوگیا ہے۔

نوجوان نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ والد کو ہیموریجک فالج ہوا ہے، جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا تھا یا مستقل معذوری کا سبب بن سکتا تھا۔ خوش قسمتی سے والد صحت یاب ہوگئے۔ اس واقعے نے مجھے زندگی، وقت اور خاندان کی اہمیت کا احساس دلایا۔

ارون گارشیا کے مطابق غیر متوقع طور پر صحتیابی کے دوران، خاص طور پر انشورنس نہ ہونے کے باوجود، تمام گھر والوں نے والد کی صحتیابی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران فٹبال غیر متوقع مگر اہم کردار ادا کرتا رہا، جو میرا اور والد کا مشترکہ شوق ہے۔ ہم دونوں اکٹھے فٹبال کھیلتے رہے اور وقت کے ساتھ والد کی صحت میں بہتری آتی گئی۔ ایک موقع پر وہ ساحلِ سمندر پر دوبارہ دوڑتے دکھائی دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے والد کو وہ تجربات دینا چاہتا تھا جن سے وہ پہلے کبھی لطف اندوز نہیں ہو سکے۔ اس لیے این ایف ایل کا یادگار سرپرائز دیا۔

ارون گارشیا نے مذکورہ وی لاگ سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو صارفین نے انہیں خوب سراہا۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ لوگ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ قابلِ تعریف ہے۔ نئی نسل کو متاثر کرنے کا شکریہ۔ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ میں یہ ویڈیو کئی بار دیکھ چکا ہوں، اور ہر بار آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔