• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ فیملی کو دے دی گئی

بانی پی ٹی آئی: فائل فوٹو
بانی پی ٹی آئی: فائل فوٹو 

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھیجی تھی، جسے وزیراعظم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ وصول کرلی، رپورٹ ان کی فیملی نے اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے وصول کی۔

میڈیکل رپورٹ  کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا اڈیالہ جیل میں مکمل معائنہ کیا گیا، ماہر امراضِ چشم نےاڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی تفصیلی طبی جانچ کی۔

بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، ماہرین نے اسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی، بانی پی ٹی آئی کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پمز منتقل کیا گیا، علاج ان کی رضا مندی سے کیا گیا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا، بانی پی ٹی آئی کا آپریشن تھیٹر میں علاج تقریباً 20 منٹ میں مکمل کیا گیا، وہ علاج کے بعد مستحکم تھے، معمول کی ہدایات کے ساتھ انہیں ڈسچارج کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید