بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں جاری سورج کنڈ میلہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جھولہ ٹوٹ کر زمین پر آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جھولے میں تقریباً 15 افراد موجود تھے کہ شام تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر جھولا اچانک ایک طرف جھک کر زمین سے جا ٹکرایا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت انسپکٹر جگدیش پرساد کے نام سے ہوئی ہے، جو پلول پولیس سے تعلق رکھتا تھا اور میلے میں ڈیوٹی پر تعینات تھا، اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
حکام کے مطابق انسپکٹر جگدیش پرساد نے لوگوں کو بچانے کی کوشش کی تھی، جس کے دوران اس کے چہرے اور سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
حادثے کے فوری بعد میلہ گراؤنڈ کو خالی کرا لیا گیا، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سورج کنڈ میلہ 31 جنوری کو شروع ہوا تھا اور یہ 15 فروری تک جاری رہے گا۔