• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈکپ: بنگلادیش کا بھارت میں نہ کھیلنے کے مؤقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلادیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

بی سی بی صدر امین الاسلام قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو محسن نقوی نے امین الاسلام کا خیر مقدم کیا۔

محسن نقوی سے ملاقات میں صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام نے بنگلادیش کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں جہاں پی سی بی اور آئی سی سی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔

پاکستان نے بنگلادیش سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا اعلان کر رکھا ہے۔پاک بھارت میچ نہ ہونے سے آئی سی سی کوبھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ ےگا۔

اس سے قبل صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام لاہور پہنچے تھے، ایئرپورٹ پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے صدر بی سی بی کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر معزز مہمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

صدر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے، امین الاسلام دیگر اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت پر اپنی ٹیم کےلیے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا۔

اس پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو آئی سی سی نے بنگلادیش سے بات کرنے کے بجائے ایونٹ سے بنگلادیش کو نکال کر اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا۔ 

بعدازاں پاکستان نے کرکٹ کونسل کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیا اور بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید