پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت سے میچ کھیلنے سے انکار کے معاملے پر گفتگو کرنے کیلئے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی پاکستان پہنچ گئے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام کے بعد آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی پاکستان پہنچ گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ لاہور پہنچے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر نے عمران خواجہ کا استقبال کیا۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، پی سی بی کے ساتھ اجلاس میں پاکستان کے بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کےاعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی، آئی سی سی کے درمیان مذاکرات قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے، اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت پر اپنی ٹیم کےلیے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا۔
اس پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو آئی سی سی نے بنگلادیش سے بات کرنے کے بجائے ایونٹ سے بنگلادیش کو نکال کر اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا۔
بعدازاں پاکستان نے کرکٹ کونسل کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیا اور بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔