• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف ایک سال پہلے ہمیں غیر اہم سمجھا جارہا تھا، امیر جماعت اسلامی بنگلادیش

بنگلادیش جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان : فوٹو اے ایف پی
بنگلادیش جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان : فوٹو اے ایف پی 

بنگلادیش جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان کا کہنا ہے کہ صرف ایک سال پہلے ہماری جماعت کو غیر اہم سمجھا جارہا تھا۔ آج جماعت اکثریت کے دہانے پر کھڑی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ اوباما نے ’’یس وی کین‘‘ کے نعرے کے ساتھ کامیابی حاصل کی، اُس وقت جب ہر اخبار یہ کہہ رہا تھا کہ ایک سیاہ فام شخص کبھی امریکا کا صدر نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور نیپال میں بدعنوانی کے خلاف تحریکوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود بڑی سیاسی جماعتوں کو شکست دی، نیو یارک میں ظہران ممدانی نے عام ووٹروں کے ساتھ کھڑے ہو کر کامیابی حاصل کی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صرف ایک سال پہلے، ہماری جماعت کو ایک غیر اہم قوت قرار دیا جا رہا تھا اور پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں کہ ہم چند نشستوں سے زیادہ نہیں جیت سکیں گے۔

ڈاکٹر شفیق الرحمان نے مزید کہا کہ آج جماعت اکثریت کے دہانے پر کھڑی ہے، یہ عوام کی مرضی ہے، جب عوام متحد ہو جائیں تو انہیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے کبھی دھونس یا جبر کا سہارا نہیں لیا اور نہ آئندہ لے گی، ہمارے پاس جعلی ووٹر نہیں ہیں اور ہمیں انتخابات میں دھاندلی کی کوئی ضرورت نہیں، لیکن یہ بات واضح رہے کہ اگر کسی نے عوام کے ووٹ کو چرانے یا ان کے جمہوری حق سے انکار کی کوشش کی، تو ہم عوام کے ساتھ مل کر اس حق کا دفاع کریں گے، جیسا کہ ہم نے جولائی 2024 میں کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید