• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان سے میچ پر بھارتی بورڈ کے نائب صدر خوش

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کا بھی مؤقف سامنے آ گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے نمائندوں کے مذاکرات کے نتیجے سے خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو آئی سی سی کے چیئرمین نے سپروائز کیا، آئی سی سی کے نمائندے پی سی بی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت کے لیے لاہور گئے۔

راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی اہمیت کو ترجیح دی گئی، باہمی رضا مندی سے فیصلہ ہوا جو کہ اچھی بات ہے، مسئلے کے حل کے لیے آئی سی سی نے اقدامات کیے، جہاں تک آئی سی سی کا تعلق ہے یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر نے کہا کہ 15 فروری کو میچ کا انعقاد ہونا ایک اچھی خبر ہے، پاکستان کھیلے گا یہ ورلڈ کپ کامیابی کی مثال بنے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے لیے بھی اچھا ہے کہ مذاکرات میں ان کے بورڈ کو بھی ریلیف دیا گیا ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ بھی خوش ہے، انہوں نے آئی سی سی کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب کے لیے وِن وِن پوزیشن ہے، پاک بھارت میچ ہو گا اور ورلڈ کپ ایک کامیاب ایونٹ ہو گا۔

یاد رہے کہ پیر کی شب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ آئی سی سی کے پریس ریلیز کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف 15 فروری کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا گروپ میچ کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید