پاکستانی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کی شادی کی خبریں آج کل سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
اب حال ہی میں ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں ہانیہ کو مایوں کی دلہن کے روپ میں عاصم اظہر کے ہمراہ ڈانس کرتے دیکھا گیا، ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اسے خفیہ طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا اور ہر جانب صرف ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی شادی کا ہی چرچہ ہو رہا ہے، تاہم اب اس وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے خود مذکورہ تقریب کی مکمل ویڈیو شیئر کی ہے اور کیپشن میں لکھا ہے کہ اس طرح چھپ چھپ کے ویڈیو ریکارڈ نہیں کرتے، یہ خراب عادت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مایوں کی تقریب نہیں بلکہ مایوں تھیم پر ان کی سالگرہ کی تقریب ہے جس میں وہ دلہن بنی ہیں جبکہ ان کے تمام دوستوں نے ڈانس پرفارمنس دی ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ کو کہتے ہوئے سن سکتے ہیں کہ ’ویلکم ٹو مائی فیک ویڈینگ‘، ایک منظر میں کہتی ہیں کہ ’ہر کوئی میری شادی کے پیچھے پڑا تھا تو ہم نے نقلی شادی کر لی‘۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان دوبارہ قربت کی قیاس آرائیوں نے اُس وقت زور پکڑا جب گلوکار نے اپنی سابق منگیتر میرب علی سے 3 سالہ منگنی ختم کر کے علیحدگی اختیار کی۔
دونوں شخصیات کو حالیہ دنوں میں متعدد تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ممکنہ شادی کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے تاحال ان خبروں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔