عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے اور گلوکار عاصم اظہر کے رومانوی تعلقات سے متعلق قیاس آرائیوں کو ایک بار پھر ہوا دے دی۔
حال ہی میں اداکارہ سے ان کے پسندیدہ گلوکار سے متعلق سوال پوچھا گیا، جس پر انہوں نے بے ساختہ اور شرارتی انداز میں جواب دیا جسے سن کر مداحوں میں ایک بار پھر عاصم اظہر کے ساتھ تعلق کی چہ مگوئیاں تیز ہو گئیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں جب وہ ایک میک اَپ مقابلے میں بطور جج اسٹیج پر موجود تھیں۔
مقابلے کے اختتام پر حاضرین میں موجود ایک خاتون مداح نے ہانیہ سے سوال کیا کہ آپ کا پسندیدہ گلوکار کون ہے؟ اور کونسا گانا پسند ہے؟ جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کیا آپ چاہتی ہیں کہ میں عاصم اظہر کا نام لوں؟
اداکارہ کے اس نہایت معنی خیز جملے پر ہال قہقہوں اور نعروں سے گونج اٹھا اور ڈرامہ سیریل میری زندگی ہے تو کی اداکارہ خود بھی ہنسی نہ روک سکیں اور انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کبھی کبھی مجھے خود سے بھی محبت ہو جاتی ہے۔
وائرل ویڈیو پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں نے اس لمحے کا موازنہ بھارتی اداکارہ انوشکا شرما سے کیا، جن سے ماضی میں میڈیا اکثر ان کے پسندیدہ کرکٹر کے بارے میں سوال کرتا تھا جب وہ اپنے موجودہ شوہر ویرات کوہلی کے ساتھ رومانوی تعلق میں تھیں۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان دوبارہ قربت کی قیاس آرائیوں نے اُس وقت زور پکڑا جب گلوکار نے اپنی سابق منگیتر میرب علی سے 3 سالہ منگنی ختم کر کے علیحدگی اختیار کی۔
دونوں شخصیات کو حالیہ دنوں میں متعدد تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ممکنہ شادی کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے تاحال ان خبروں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔