معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان نے سوشل میڈیا پر سیلیبریٹیز کے طرزِ عمل سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ باقاعدہ کاروبار بن چکا ہے۔
نادیہ افغان نے شہرت مقبولِ عام سٹ کام شاشلک سے حاصل کی، جبکہ وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں ، ان دنوں ڈراموں میں ان کی اداکاری کو ناقدین اور مداحوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
حال ہی میں ایک شو میں انہوں نے سیلیبریٹیز کے سوشل میڈیا پر دکھاوے سے متعلق گفتگو کی۔
نادیہ افغان کا کہنا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا ہی اصل بزنس ہے، یہ کمائی کا ذریعہ ہے، اسی لیے اداکاروں کو ان کی سوشل میڈیا پر موجودگی کی بنیاد پر کام ملتا ہے، حالانکہ میں اور سلیم اچھے اداکار ہیں، لیکن زیادہ فالوونگ رکھنے والوں کو ترجیح دی جاتی ہے اور یہ ٹھیک ہے، وقت کا تقاضا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ان دنوں اسلام کے بارے میں مطالعہ کر رہی ہوں اور اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ انسان کو اپنی نجی زندگی کو حد درجہ خفیہ رکھنا چاہیے، اللّٰہ نے ہمیں سکھایا ہے کہ اپنی پرائیویٹ چیزیں چھپا کر رکھیں، ہمیں لو پروفائل رہنا چاہیے، اب میں نے بہت سی چیزیں شیئر کرنا چھوڑ دی ہیں، میں صرف چند قریبی دوستوں کے ساتھ باتیں شیئر کرتی ہوں، نظرِ بد کی وجہ سے، میں اب یہ پوسٹ نہیں کرتی کہ دوستو! میں یہاں کافی پی رہی ہوں وغیرہ۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا مکمل طور پر چھوڑنا ممکن نہیں کیونکہ یہ پیشہ ورانہ ضرورت بن چکا ہے، تاہم اب میں اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ نجی اور محفوظ رکھنا ترجیح دیتی ہوں۔