بانئ پی ٹی آئی کے وکیل عبداللطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا، جس میں بانئ پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو معائنے کی اجازت دی جائے، بانی کو الشفاء اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
متن کے مطابق بانئ پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی صحت اہلِ خانہ اور عوام کے لیے تشویش کا باعث ہے، بیماری کے دوران بھی انہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا، عدالتی حکم پر ان کا طبی معائنہ ہوا لیکن اہلِ خانہ کو لاعلم رکھا گیا۔
لطیف کھوسہ نے خط میں لکھا ہے کہ دعویٰ کیا گیا کہ اہلِ خانہ اور پارٹی قائدین کو بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے، جبکہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ و پارٹی قیادت کو طبی معائنے کے وقت بلانے کا دعویٰ بالکل غلط ہے۔
خط کے مطابق اہلِ خانہ کو آگاہ کیے بغیر خفیہ طبی معائنے نے کئی خدشات کو جنم دیا ہے، طبی معاملے سے اہلِ خانہ کو باہر رکھنے سے پریشانی اور خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔