• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالد مقبول، مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس آئین سے ناواقفیت کی واضح علامت ہے، شرجیل میمن


سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس ان کی کم علمی اور آئین سے ناواقفیت کی واضح علامت ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ان دونوں رہنماؤں نے آئین اور قانون کا سنجیدہ مطالعہ نہیں کیا، مطالعہ کرتے تو اس نوعیت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کرتے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی وزراء کی حیثیت سے اس طرح کے بیانات سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ وفاقی حکومت کی پالیسی ہے؟ وفاقی حکومت وضاحت کرے دو وفاقی وزیر سندھ حکومت کیخلاف پروپیگنڈا اور سازش میں کیوں مصروف ہیں؟

انہوں نے کہا کہ توقع کرتے ہیں وفاقی حکومت وضاحت کرے کہ ان کے دو وفاقی وزیر اور اتحادی جماعت مسلسل سندھ حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ اور سازش میں کیوں مصروف ہیں؟

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ  گورنر ہاؤس آئینی منصب کی علامت ہے، اسے  سیاسی محاذ آرائی یا صوبائی حکومت کیخلاف سرگرمیوں کا مرکز نہیں بننا چاہیے، ملک پہلے ہی سیاسی اور معاشی چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان کشیدگی پیدا کرنا دانشمندی نہیں۔

قومی خبریں سے مزید