عراق کے شہر بغداد میں امریکی سفارتخانہ پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق میزائل بغداد میں امریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ میں ہیلی پیڈ پر لگا، میزائل حملے کے بعد سفارتخانے کے کمپاؤنڈ سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔
جنگ کے آغاز کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملہ ہوا ہے، امریکی سفارتخانے پر ہفتے کی علی الصبح حملہ کیا گیا، حملے کا ممکنہ ہدف سفارت خانے کے اندر موجود ایئر ڈیفنس سسٹم کا اسٹیشن تھا۔
بغداد میں عراقی سیکیورٹی سروسز نے حملے کی تصدیق کی ہے، حملے کے بعد شہر کے حساس علاقےگرین زون کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے، جس میں زیادہ تر سرکاری دفاتر اور غیر ملکی سفارت خانے واقع ہیں، جن میں امریکی سفارت خانہ بھی شامل ہے۔