ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ امریکی فوجی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی غلط فہمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ تہران خطے میں امریکہ کی تمام سرگرمیوں، خاص طور پر فوجی تعیناتیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کام جرنیلوں نے بگاڑا ہے، اسے فوجی ٹھیک نہیں کر سکتے، بلکہ وہ خود نیتن یاہو کی غلط پالیسیوں کا نشانہ بنیں گے۔ ہماری سرزمین کے دفاع کے عزم کو آزمانے کی کوشش نہ کریں۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 1ہزار سے زائد امریکی اہلکار خطے میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔
معاملے سے باخبر 2 افراد نے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پینٹاگون 82ویں ایئربورن ڈویژن کے ہزاروں اہلکاروں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرسکتا ہے۔
ان افراد کی جانب سے امریکی فوجی کب اور کہاں تعینات کیے جانے کی وضاحت نہیں کی گئی۔