• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمان: پاکستانی نوجوان نے سیلابی ریلے میں پھنسے 2 بھارتی شہریوں کو بچا لیا

— سوشل میڈیا ، اسکرین گریب
— سوشل میڈیا ، اسکرین گریب

عمان میں مقیم پاکستانی نوجوان نے سیلابی ریلے میں پھنسے 2 بھارتی شہریوں کی جان بچالی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ شہزاد خان نے اتوار کی شام ایک خطرناک ریسکیو آپریشن انجام دیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عمان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ 

مقامی اخبار کے مطابق اس سیلابی صورتِ حال میں کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں کو ریسکیو کیا گیا۔

شہزاد خان کے مطابق جائے وقوع پر سینکڑوں افراد موجود تھے اور زیادہ تر لوگ ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے کہ اسی دوران ایک کار سیلابی ریلے میں پھنس گئی اور گاڑی میں موجود افراد مدد کے لیے پکار رہے تھے۔

— سوشل میڈی اویڈیو گریب
— سوشل میڈی اویڈیو گریب

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزاد خان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پانی میں کودتے ہیں، سیلابی ریلے میں پھنسی ہوئی گاڑی تک پہنچ جاتے ہیں اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بھارتی شہریوں کی جان بچالیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے کچھ نہیں سوچا، نہ قومیت نہ مذہب، بس انسانوں کو خطرے میں دیکھا، ایک شخص ڈوب رہا تھا اور دوسرا شدید جدوجہد کر رہا تھا، جبکہ گاڑی آدھی پانی سے بھر چکی تھی۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق تیز بہاؤ کے باعث گاڑی بہتی ہوئی ایک پل کے ستون سے جا ٹکرائی، جہاں شہزاد نے ریسکیو کا عمل مکمل کیا۔

عینی شاہد نے بتایا کہ وہ میرے ساتھ کھڑے تھے، اچانک گاڑی پانی میں بہتی نظر آئی اور اگلے ہی لمحے شہزاد اس کی طرف دوڑ پڑے۔ ہم نے انہیں روکنے کی کوشش کی، مگر وہ نہیں رکے۔

پاکستان سوشل کلب کے سوشل ویلفیئر ڈائریکٹر شاندار بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اس واقعے کی تصدیق کے بعد شہزاد خان سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کی اس بہادری کو سفارتخانے اور کمیونٹی کی سطح پر سراہا جائے گا۔