کراچی (محمد ناصر) ”بلھا“ کی کامیابی کا سفر جاری ،کئی ممالک میں نمائش کا اعلان ،اداکار شان کی نئی پنجابی فلم ”بلھا“ نے عید کے موقع پر زبردست کامیابی سمیٹنے کے بعد اب اپنی نمائش کا دائرہ عالمی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فلم کو یورپ اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں ریلیز کردیا گیا ہے جس کے بعد اس فلم کی مقبولیت میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ایکشن اور تھرل سے بھر پور فلم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بیلجیم، فرانس، جرمنی اور ہالینڈ سمیت دیگر ممالک میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ ”جیو“ اس فلم کا میڈیا پارٹنر ہے۔ عید کے دوران شائقین کی بڑی تعداد نے سینما گھروں کا رخ کیا اور فلم کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی فلم کے ہدایتکار شعیب خان ہیں جبکہ کاسٹ میں شان کے ساتھ سلیم شیخ، مونا لیزا اور نعیمہ بٹ اور دیگر آرٹسٹ شامل ہیں۔