محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 4 اپریل کے دوران کراچی، جامشورو، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، مٹیاری تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹہ، حیدر آباد اور دیگر مقامات پر بارش متوقع ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے بجلی کے کھمبے، سولر پینلز، بل بورڈز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی جبکہ کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں جمعے کو بھی بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔