معروف نغمہ نگار مسرور انور کو ہم سے بچھڑے 30 برس بیت گئے۔ انہو ں نے اردو فلموں کے سپر ہٹ گیت لکھے اور وطن کی محبت میں سر شار ملی نغمے بھی تخلیق کیے۔
مسرور انور 6 جنوری 1944 کو شملہ میں پیدا ہوئے اور تعلیم کراچی میں حاصل کی۔ بعدازاں ریڈیو سے منسلک ہوئے، فطری میلان نغمہ نگاری کی طرف تھا جو بہت جلد کھل کر سامنے آیا اور چھا گیا۔
انھوں نے وحید مراد، ہدایتکار پرویز ملک اور موسیقار سہیل رعنا کے ساتھ ٹیم بنائی اور یادگار فلموں کے سپرہٹ نغمے لکھے۔
مسرور انور وطن کی محبت سے سرشار تھے۔ انہوں نے اس وارفتگی سے قومی نغمے لکھے کہ حق ادا کیا یہ نغمے قومی تقریبات کی جان مانے جاتے ہیں۔
مسرور انور نے 300 سے زائد نغمے لکھے جو الفاظ کے دلکشن چناؤ اور صوتی آہنگ کا بھی حسین امتزاج ہیں۔ انہیں تمغہ حسن کارکردگی اور 15 نگار ایوارڈ ز سے نوازا گیا۔
انھوں نے صرف 52 سال کی عمر میں یکم اپریل 1996 کو دنیا سے رخت سفر باندھا۔