علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے لیے دعا کرتا ہوں کہ اللّٰہ پاک انہیں مہنگائی سمیت ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں سے نجات دے۔
طاہر القادری نے ناروے کے دورے پر ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اوسلو میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد علمائے کرام، ناروے اور ڈنمارک کے سینئر عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جنگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ناروے میں نئی نسل میں اردو زبان کے فروغ، مشرق وسطیٰ اور ایران کی صورتحال اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سوالات کے جواب دیے۔
انہوں نے کہا کہ ناروے، ڈنمارک، سوئیڈن، انگلینڈ، فرانس، نارتھ امریکہ یا دنیا کا کوئی ملک بھی ہو جو بچے یہاں پیدا ہوئے ہیں اور ان کا بیک گراؤنڈ پاکستان ہے تو وہ لوکل زبان میں تعلیم حاصل کریں اور سب کچھ کریں مگر اپنی اصل مادری زبان اردو سے لا تعلق نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے بھی دعا کرتا ہوں، عوام کے لیے بھی دعا کرتا ہوں کہ اللّٰہ پاک انہیں مہنگائی سمیت ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں سے نجات دے، اللّٰہ پاک پاکستان اور پورے عالمِ اسلام کی اور عالمِ انسانیت کے لیے خیر اور بہتری کا سامان پیدا کرے۔
مشرق وسطیٰ، ایران کے حالات اور امت مسلمہ پر آئی ہوئی پریشانیوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت طویل عرصے سے اپنی شناخت بھول چکی ہے جب تک آپ اپنے اندر یکجہتی پیدا نہیں کریں گے، علم، سائنس، ٹیکنالوجی، اخلاق اور دینی حقدار کو اپنا کر ایک امت کے طور پر زندہ نہیں کریں گے اور ایک دوسرے کے دکھ کاحصہ نہیں بنیں گے تو آپ کے لیے مشکلات آتی رہیں گی۔