پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار خوشحال خان اور اداکارہ رمشا خان ان دنوں اپنی مبینہ شادی کی خبروں کے باعث شہہ سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
دونوں اداکار اپنے کامیاب پراجیکٹس اور معیاری اسکرپٹس کے انتخاب کے لیے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے یکے بعد دیگرے دو ڈراموں دنیاپور اور بریانی میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے بعد ان کی آن اسکرین کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ حاصل کی اور یہیں سے آف اسکرین تعلقات کی قیاس آرائیاں شروع ہوئیں۔
اگرچہ دونوں فنکاروں نے کبھی بھی کسی ذاتی تعلق کی تصدیق نہیں کی، تاہم سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرتی رہیں۔
معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب سوشل میڈیا پیجز نے بغیر نام لیے ایک سیلیبرٹی شادی کی خبر دی، جسے مداحوں نے خوشحال خان اور رمشا خان سے جوڑ دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر وائرل ہو گئی۔
اب خوشحال خان نے خود سامنے آ کر ان افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہو گئی کلاؤٹ چیزنگ، اب کام پر واپس آئیں۔
اس بیان کے ذریعے انہوں نے واضح کر دیا کہ وائرل ہونے والی شادی کی خبر سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
اداکار نے اس موقع پر اپنے آنے والے ڈرامے ونٹر لو کی تشہیر بھی کی، جس میں وہ ماورا حسین کے ساتھ نظر آئیں گے۔