چیئرمین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاست کی محافظ ہے اور ہر حال میں ملک کا دفاع کرے گی۔ پاکستانی قوم اور اوورسیز پاکستانی پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بطور مہمانِ خصوصی اٹلی کے شہر بیلونیا میں منعقد ہونے والے پہلے ’میری فوج، میرا پاکستان‘ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کنونشن میں طلبہ، نوجوانوں، بزرگ شہریوں اور مقامی کمیونٹی سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قد آور تصاویر اٹھا کر ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
یہ کنونشن بریشیا، اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے منعقد کیا۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں چوہدری اکرام اللّٰہ، قیصر بشیر کنگ، چوہدری دلشاد مون، چوہدری فیصل چیچی، چوہدری اخلاق لوہسر، چوہدری امجد رولیا اور اسجد چندالہ شامل تھے۔
جرمنی سے چوہدری عامر وڑائچ آف جمنا نے بھی خصوصی طور پر کنونشن میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاک فوج کے خلاف کسی بھی منفی بین الاقوامی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں اور فوج کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان مثبت کردار ادا کر رہا ہے جو دنیا کو تنازعات سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر لوہسر نے نریندر مودی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تنقید کا نشانہ بنایا اور عالمی برادری سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے اتحاد، سالمیت اور اجتماعی ذمہ داری نہایت ضروری ہیں۔
کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ ’پاکستان زندہ باد‘، ’پاک فوج زندہ باد‘ اور ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘ کے فلگ شگاف نعرے لگائے۔