پیپلز پارٹی ناروے کے زیر اہتمام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 47ویں برسی کی تقریب کا انعقاد چوہدری جہانگیر نواز کی صدارت کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سینئر رہنما میاں محمد اسلام تھے۔
تقریب کا آغاز پارٹی کے سینئر رہنما ریاض احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا، نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور گجر نے حاصل کی۔
تقریب سے سابق وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے لائیو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک ویژنر ی لیڈر تھے، اقتدار سنبھالتے ہی انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ چین اور روس سے دوستی مضبوط کی، 73 کا آئین ذوالفقارعلی بھٹو کا اہم کارنامہ تھا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی سے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں پاکستان کے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے.
کنزرویٹو پارٹی کے متحرک رہنما اور اوسلو سٹی کونسل کے رکن کونسلر طلعت محمود بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کا شروع کیا گیا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کی ضمانت ہے، انہوں نے کہا کہ محنت کشوں مزدوروں کسانوں اور عام آدمی کے لئے جتنے پروگرام بھٹو شہید کے مختصر دور میں شروع ہوئے پھر کبھی نہیں ہو سکے۔
ناروے کی سماجی اور ادبی شخصیت وکالم نگار صدر دریچہ ناروے ڈاکٹر سید ندیم حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کے پروگرام سے اوورسیز پاکستانی آج بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور گجر نے ذوالفقارعلی بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور جیے بھٹو کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سینئر رہنما و نائب صدر پی پی ناروے چوہدری محمد اشرف، سینئر رہنما محمد الیاس کھوکھر، شیخ طارق محمود و شیخ جنید طارق، شیخ طارق محمود، چوہدری افضل پسوال، ریاض احمد، ڈاکٹر سید ندیم حسین، طلعت محمود بٹ، چوہدری عجب خان کے علاوہ دیگر اراکین اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب کے آخر میں شہید ذوالفقار علی، ناروے میں پارٹی ناروے کے مرحومین جاوید اقبال پسوال، میاں محمد اکرام اور محمد شفیع کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض پی پی ناروے کے جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد نے کی۔