پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی رضا اور اداکارہ حنا آفریدی نے اپنے نئے ڈرامے کے لیے رومانوی مناظر کی شوٹنگ کروانے کے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔
علی رضا اور حنا آفریدی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس شو کے میزبان نے دونوں اداکاروں سے نئے ڈرامہ سیریل’مرزا کی ہیر‘ کے لیے رومانوی مناظر کی شوٹنگ کروانے کے تجربے کے بارے میں سوال پوچھا۔
علی رضا نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم رومانوی مناظر کی شوٹنگ کرواتے ہوئے ہنس رہے ہوتے تھے، جب بھی ایسے کسی سین کی شوٹنگ شروع ہوتی تو ہم اپنے ڈائریکٹر کو احمقوں کی طرح دیکھ رہے ہوتے تھے، لیکن یہ ہمارا کام تھا اور ہمیں اسے سنجیدگی سے کرنا تھا، تو ہم نے بالکل ایسا ہی کیا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے سب رومانوی مناظر کی شوٹنگ زبردست انداز میں کروائی، چونکہ حنا سے میری دوستی بھی ہے اور یہ میرے لیے میری فیملی کی طرح ہے، اس لیے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے میں آسانی ہوئی اور ہم نے بہت ساری چیزیں ایسی بھی کیں جن کی شاید کسی کو توقع بھی نہیں تھی۔
حنا آفریدی نے ہنستے ہوئے علی رضا کی بات کو آگے بڑھایا اور کہا کہ ڈائریکٹر احسان طالش سین کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد بتاتے نہیں تھے کہ شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے، اس لیے ہمیں اکثر سین کی شوٹنگ مکمل ہونے کا پتہ ہی نہیں چلتا تھا اور ہم شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد بھی ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھتے رہتے تھے۔