• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی جنگ بندی خلاف ورزی، آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز کو جانے سے روک دیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو 

اسرائیل کی جنگ بندی خلاف ورزیوں کے بعد آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز کو جانے سے روک دیا گیا۔

خلیج میں موجود کئی جہازوں کو ایرانی بحریہ کی جانب سے آبنائے ہُرمُز بند ہونے کے پیغامات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ 

شپنگ ذرائع کے مطابق ایرانی بحریہ سے ملنے والے پیغام میں کہا جا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے جہاز مالکان کو ایران سے اجازت لینی ہوگی، بصورت دیگر ان جہازوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جائے گا۔ 

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لبنان جنگ بندی معاہدے میں شامل نہیں ہے، حزب اللہ کی وجہ سے لبنان کو معاہدے میں شامل نہیں کیا گیا، لبنان کا معاملہ الگ ہے، اس کو دیکھا جائے گا۔

اسرائیل کی لبنان کیخلاف جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں 10 منٹ میں 100 سے زائد مقامات پر حملے کردیے، لبنانی شہر طائر کو خالی کرنے کی دھمکی کے بعد فضائی حملے کیے۔

اسرائیل نے امریکا ایران سیز فائر معاہدے میں لبنان کے شامل نہ ہونے کا بھی دعویٰ کردیا، دارالحکومت بیروت کے وسطی،جنوبی علاقوں پر شدید بمباری کردی۔

لبنانی ریڈ کراس کے مطابق لبنان بھر میں اسرائیلی حملوں میں 89 افراد شہید اور 700 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے قبرستان میں موجود درجنوں افراد کو نشانہ بنایا، بمباری کا نشانہ بننے والے افراد جنازے میں شریک تھے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان میں حزب اللّٰہ کےخلاف آپریشن جاری ہیں، سیاسی قیادت کے حکم پر ایران پر حملے روک دیے ہیں۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید