امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف آپریشن ایپک فیوری میں امریکی فوج کی استعمال کردہ خوراک اور دیگر سہولیات کی تفصیلات بتا دیں۔
امریکی وزیر جنگ کے ساتھ میڈیا بریفنگ کے دوران جنرل ڈین کین نے بتایا کہ تقریباً چھ ہفتوں پر محیط جنگ کے دوران امریکی فوج نے 60 لاکھ سے زائد کھانے استعمال کیے، امریکی فوج تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار گیلن کافی پی گئی، جو کہ تقریباً 76 لاکھ کپ بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ 20 لاکھ انرجی ڈرنکس اور بڑی مقدار میں نکوٹین بھی استعمال کی گئی۔
جنرل ڈین کین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ ہے، تاہم انہوں نے اس دوران فوجیوں کی قربانیوں اور سخت حالات میں خدمات کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نہایت مشکل اور غیر یقینی صورتحال پر مشتمل جنگ تھی، جہاں شدید گرمی، اندھیرا اور مسلسل خطرات موجود تھے، لیکن امریکی فوج نے عزم اور حوصلے کے ساتھ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔