• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میلانیا ٹرمپ کی جیفری ایپسٹین سے تعلق کی تردید پر برازیلین ڈاکٹر امانڈا اُنگارو کا نام زیرِ بحث

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کی جانب سے بدنامِ زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے کسی بھی تعلق کی سختی سے تردید کے بعد سوشل میڈیا پر امانڈا اُنگارو کا نام تیزی سے گردش کر رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امانڈا اُنگارو پر ملانیا کے حالیہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر بحث جاری ہے۔

واضح رہے کہ امانڈا انگارو ایک برازیلین شہری ہیں جو بین الاقوامی سفارتی اور اشرافیہ حلقوں میں سرگرم رہ چکی ہیں، وہ ماضی میں گریناڈا کی اقوامِ متحدہ میں سفیر رہ چکی ہیں اور ماحولیاتی و ’بلو اکانومی‘ امور پر کام کرتی رہی ہیں۔

امانڈا انگارو اطالوی نژاد امریکی کاروباری شخصیت پاؤلو زیمپولی کی سابقہ اہلیہ ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے، پاؤلو زیمپولی نے ہی 1998ء میں میلانیا کی ملاقات ڈونلڈ ٹرمپ سے کروائی تھی۔

رپورٹس کے مطابق امانڈا انگارو ایپسٹین فائلز میں ایک نمایاں کردار رکھتی ہیں، امانڈا جیفری، ٹرمپ اور میلانیا سے کئی بار ملاقاتیں کر چکی ہیں، امانڈا کو متعدد بار ناصرف امریکی خاتونِ اوّل کے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ بلکہ خود میلانیا کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ میلانیا کی ٹرمپ سے متعدد ملاقاتیں جیفری ایپسٹین کی پارٹیوں میں بھی ہوئیں جن کی انہوں نے اپنے حالیہ بیان میں تدید کر دی ہے۔

امانڈا اُنگارو ٹرمپ کے سماجی حلقوں میں بھی دیکھی جاتی رہی ہیں اور 2017ء کی صدارتی حلف برداری سمیت کئی تقریبات میں بھی شریک رہیں۔

گزشتہ سال انہیں میامی میں ایک میڈیکل اسپا سے متعلق فراڈ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، اُنہوں نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی تاہم بعد ازاں امیگریشن حکام نے ان کا ویزا ختم ہونے پر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی صرف امیگریشن خلاف ورزی کی بنیاد پر کی گئی، انگارو کے سابق شوہر پاؤلو زیمپولی نے حکام سے رابطے کی تصدیق کی لیکن کسی خاص رعایت کی کوشش سے انکار کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید