• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امراض قلب کا خطرہ کس عمر میں بڑھنا شروع ہوتا ہے، نئی تحقیق میں سامنے آگیا

ایک نئی تحقیق کے مطابق لاکھوں افراد کو ممکنہ طور پر جان لیوا دل کی پیچیدگیوں کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہ کم عمری میں لاحق ہو سکتا ہے، اس سے قبل یہ سمجھا جاتا تھا کہ یہ بیماری درمیانی میں لاحق ہوتی ہے۔

تحقیق سے پہلے ہی معلوم ہو چکا ہے کہ جسم میں چربی دل کی ساخت میں نقصان دہ تبدیلیاں پیدا کر سکتی ہے، جو بعد کی زندگی میں بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔ 

اس حوالے سے برطانیہ اور فن لینڈ کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 17 سال کی عمر وہ اہم مرحلہ ہے جہاں خطرہ بڑھنا شروع ہوتا ہے، جب جسم میں چربی کی زیادہ مقدار دل کی صحت کے لیے نقصان دہ بن جاتی ہے۔

یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈ کے شعبہ کلینیکل ایپیڈیمیولوجی اور بچوں کی صحت کے ماہر پروفیسر اینڈریو اگباجے نے کہا کہ 17 سال کی عمر نوجوانوں کے لیے بہت اہم ہوتی ہے، کیونکہ اسی وقت وہ والدین سے الگ ہوکر خود مختار ہونا شروع ہوتے ہیں، گھر سے دور ہو جاتے ہیں، جس سے ان کی خوراک اور طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی آتی ہے جو زیادہ تر منفی ہوتی ہے۔ 

یہ سماجی تبدیلی جسم میں چربی کے بڑھنے کا سبب بن سکتی ہے اور مستقبل میں دل کے امراض کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانی کا دور بالخصوص 17 سال کے آس پاس کی عمر صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے بہترین موقع ہے تاکہ جسم میں چربی کو کم، دل کی ساخت میں ممکنہ نقصان دہ تبدیلیوں سے بچنے اور صحت مند بالغ زندگی کے امکانات کو بہتر بنایا جا سکے۔

اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 1,803 بچوں کا 9 سے 24 سال کی عمر تک جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈوئل انرجی ایکسرے ایبزارپشیومیٹری (ڈی ایکس اے) اسکین کے ذریعے بچوں کے جسم اور پیٹ میں موجود چربی کی مقدار کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی ان کے عضلات کا بھی اندازہ لگایا۔ یہ اسکین سب سے پہلے 9 سال کی عمر میں اور پھر 11، 15، 17 اور 24 سال کی عمر میں دہرائے گئے۔

اس کے علاوہ 17 اور 24 سال کی عمر میں ایکو کارڈیوگرافی اسکین کے ذریعے دل کی ساخت اور کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ خون میں شوگر، انسولین اور کولیسٹرول کی سطح بھی چیک کی گئی۔

یورپی جرنل آف اینڈوکرائنولوجی میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق 17 سال کی عمر کے بعد جسم میں زیادہ چربی، خاص طور پر پیٹ کی چربی، دل کی ساخت میں تبدیلیوں سے منسلک پائی گئی۔ یہ تبدیلیاں دل پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں، جس سے اس کے معمول کے مطابق خون پمپ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور مستقبل میں دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

صحت سے مزید