• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، آئی اے پی جے

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس نے کہا ہے کہ دنیا کے امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ اور کامیاب سفارتکاری پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے یومِ تاسیس اور پانچ سالہ کامیاب سفر کی تکمیل پر منعقدہ عالمی ویبینار کے موقع پر کیا گیا، جس میں آئی اے پی جے کے ممبران کے علاوہ دنیا بھر سے پاکستانی صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔

ویبینار میں مہمانان خصوصی چیئرمین اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، سینیٹر طلحٰہ محمود، ممبر پارلیمنٹ ریاض فتیانہ اور سینئر صحافی مجیب الرحٰمن شامی شامل تھے۔ 

 آئی اے پی جے کے صدر شاہد چوہان اور چیئرمین خرم شہزاد نے کہا کہ تنظیم کی پانچ سالہ کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے، ہم نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صحافیوں کے درمیان اتحاد، صحافتی اقدار کے فروغ ملی جذبہ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں کوشاں ہیں جس میں خاطر خواہ کامیابیاں ملی ہیں۔

چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں تنظیم کےذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں خصوصاً صحافی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے آئی اے پی جے کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود اور ممبر پارلیمنٹ ریاض فتیانہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی صحافی ملک کا مؤثر مقدمہ پیش کر رہے ہیں، جو قومی خدمت کے مترادف ہے۔ انہوں نے تنظیم کے ذمہ داران کو مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

سینئر صحافی و دانشور مجیب الرحمٰن شامی نے آئی اے پی جے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ذمہ داران کو مبارکباد دی اور کہا کہ موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے اور اس طرح کے پلیٹ فارم صحافیوں کو ایک مثبت اور متحد آواز فراہم کرتے ہیں۔

ویبینار کی میزبانی کے فرائض سیکریٹری جنرل مہوش خان اور چیف آرگنائزر وسیم بٹ نے ادا کیے، ویبینار کے اختتام پر شرکاء نے دنیا کے امن کیلئے پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی صحافی دنیا بھر میں ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آن لائن تقریب میں امریکہ، برطانیہ، یورپ، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آئی اے پی جے کے پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید