پاکستان تحریکِ انصاف ناروے کے زیرِ اہتمام تحریکِ انصاف کے 30 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی سیکریٹری پی ٹی آئی او آئی سی یورپ یاسر قدیر اور پی ٹی آئی فرانس کے سینئر رہنما چوہدری گلزار لنگڑیال تھے۔
’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سیکریٹری پی ٹی آئی او آئی سی یورپ یاسر قدیر نے کہا کہ 25 اپریل 1996ء کو شروع ہونے والی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کی بنیاد اس لیے رکھی کیونکہ عمران خان حقیقی جمہوریت عوام کی خوشحالی کے لیے ایک نیا پاکستان بنانا چاہتے تھے۔
یاسر قدیر نے کہا کہ جب عمران خان نے یہ تحریک شروع کی تو شاید حالات اتنے مشکل نہیں تھے جتنے آج ہیں، ایک بہتر پاکستان کے حصول کے لیے ہمیں بس اسی طرح ڈٹے رہنا ہو گا اور وہ دن زیادہ دور نہیں جب ہم حقیقی آزادی حاصل کر لیں گے۔
پی ٹی آئی ناروے کے صدر عمران بشیر خان نے کہا کہ میں تحریکِ انصاف کے تمام ورکرز، سپورٹرز اور ووٹرز کو 30 ویں یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 30 سال پہلے انصاف، انسانیت اور خودداری کے بنیادی اصولوں کے تحت پاکستان تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی گئی تھی اور آج تک اپنے منشور پر قائم ہے۔
فرانس کے سینئر رہنما چوہدری گلزار لنگڑیال نے کہا کہ تحریکِ انصاف ناروے نے جس طرح یومِ تاسیس کا پروگرام منعقد کیا اور عمران خان کے ویژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں، یہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری میاں جمیل اصغر نے کیا۔
اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیاگیا جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض محمد طارق اور آصف ملک نے انجام دیے۔
اس موقع پر صاحبزادہ جہانگیر، او آئی سی کے جنرل سیکریٹری سجاد برقی، سابقہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے ویڈیو پیغامات دکھائے گے اور تحریکِ انصاف کی 30 سالہ جدوجہد پر ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔
مہمانِ گرامی اور پارٹی کے عہدے داران اور کارکنان نے 30 ویں یومِ تاسیس کا کیک کاٹا اور آخر میں میاں جمیل اصغر نے اختتامی دعا بھی کرائی۔