• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کیخلاف مہم چلانے والے ناکام ہونگے: ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان اور پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کچھ عناصر ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے جامعہ بنوریہ کراچی کے سالانہ کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج عالمِ اسلام کی نمائندہ فوج ہے اور اس کے خلاف مہم چلانے والے ناکام ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ طلباء اور خصوصاً نوجوانوں پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا بھر میں امن کا پیغام عام کریں اور منفی سوچ رکھنے والوں کو مثبت راہ پر لائیں۔

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ ہم یورپین پارلیمنٹ میں ہمیشہ امن کی بات کرتے ہیں اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو یاد دلاتے ہیں کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے جہاں 9/11 کے بعد سے 70 ہزار سے زائد افراد جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور ملک کو اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اُنہوں نے برسلز میں صہیونی قوتوں کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس نے قیامِ امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ 

ڈاکٹر لوہسر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

آخر میں اُنہوں نے جامعہ بنوریہ کے طلباء اور منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید