وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ نئے تعینات جیل وارڈنز اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں گے، صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، تعینات ہونے والے وارڈنز میں سے کسی کو نہیں جانتا۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ کسی نے تقرری کے لیے سفارش نہیں کروائی، کسی کو اپنی تقرری سے متعلق شکایت ہے تو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ورچوئل کورٹس اور ویب میٹنگز جیسے اقدامات سے سیکیورٹی بہتر اور وسائل کی بچت ممکن ہوئی۔
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کے لیے 2400 ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل جاری ہے، ڈاکٹرز کی بھرتیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، میرٹ اور شفافیت پر ہر گز سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آج 2 ٹرانسجینڈر افراد کی تقرری صنفی شمولیت کا عملی ثبوت ہے، اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔