اسلامک کونسل ناروے نے مشترکہ نصاب کا افتتاح کر دیا اور اس موقع پر کتاب 1 کی رونمائی بھی کی گئی۔
یہ منصوبہ ناروے میں بچوں اور نوجوانوں کی اسلامی تعلیم کے لیے ایک مشترکہ، معیاری نصاب تیار کرنے کی قومی کوشش کا حصہ ہے۔
اسی موقع پر ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم www.irnforlag.no بھی متعارف کروایا گیا، جہاں کتابیں اور تعلیمی وسائل مساجد، اساتذہ اور والدین کے لیے دستیاب ہوں گے، یہ ناروے میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جو ملک بھر کی مساجد اور دینی اداروں میں منظم اور مشترکہ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
یہ منصوبہ آئمہ، ماہرینِ تعلیم اور مختلف علمی شعبوں کے افراد کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، اسے ناروے کے حالات اور مختلف عمری مراحل کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسلامک کونسل کے سربراہ صاحبزادہ محمد معصوم زبیر کا کہنا ہے کہ مشترکہ نصاب کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں ایمان، علم، اچھے اخلاق کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم معاشرتی ہم آہنگی، ذمے داری کے احساس اور مثبت شہری کردار کو فروغ دیتی ہے اور طویل مدت میں یہ منصوبہ انتہا پسندی اور معاشرتی محرومی کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
صاحبزادہ محمد معصوم زبیر نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا ناروے میں پہلا اقدام ہے جو ملک بھر کی مساجد اور دینی اداروں میں منظم اور مشترکہ تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔