• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوم پوری نے میری بہن کیساتھ دھوکا کیا، اس کی زندگی برباد کر دی: انو کپور

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے معروف اداکار انو کپور نے سینئر آنجہانی اداکار اوم پوری پر اپنی بہن کو دھوکا دینے کا الزام عائد کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار انو کپور نے حالیہ انٹرویو میں آنجہانی اداکار اوم پوری کے ساتھ اپنے پیچیدہ تعلقات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے ایک جانب اوم پوری کو ایک عظیم فنکار قرار دیا، تو دوسری جانب ان پر اپنی بہن کی زندگی متاثر کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

خیال رہے کہ انو کپور کی بہن سیما کپور کی شادی مختصر عرصے کے لیے اوم پوری سے ہوئی تھی، تاہم چند ماہ بعد یہ رشتہ اس وقت ختم ہو گیا جب سیما کپور کو شوہر کی بے وفائی کا علم ہوا، بعد ازاں زندگی کے آخری برسوں میں دونوں کے درمیان دوبارہ رابطہ ہوا تھا۔

ایک انٹرویو کے دوران انو کپور نے کہا کہ اوم پوری بہترین و غیر معمولی اداکار تھے لیکن نجی زندگی میں انہوں نے ایک عورت کو دھوکا دیا اور میں اس عورت کا بھائی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی بہن کے ساتھ ہونے والے سلوک پر مجھے ان پر شدید غصہ تھا، اگر میری بہن ان کا خیال نہ رکھتی تو وہ 10 برس قبل ہی مر چکے ہوتے، جب وہ واپس لوٹ کر میری بہن کے پاس آئے تو میری بہن نے ان کا بہت خیال رکھا، اس پر میں اپنی بہن سے بھی ناراض ہوا۔

انو کپور نے کہا کہ اب میں ماضی کو پیچھے چھوڑ چکا ہوں، آج اوم پوری اس دنیا میں نہیں، ان کا بیٹا موجود ہے، میں آج بھی اس کے لیے اور ان کی سابقہ اہلیہ نندیتا پوری کے لیے دعا کرتا ہوں، کسی سے دشمنی نہیں، مگر افسوس ہے کہ میری بہن کی زندگی متاثر ہوئی اور وہ تنہا رہ گئیں۔

واضح رہے کہ اوم پوری نے 1993ء میں نندیتا پوری سے شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا ایشان ہے، اوم پوری 2017ء میں انتقال کر گئے اور اپنی زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے سیما کپور سے معذرت بھی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید