بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار اوم پوری کی پہلی اہلیہ سیما کپور نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے شوہر کو ان کے افیئرز کی وجہ سے چھوڑا تھا۔
حال ہی میں اپنی ناکام شادی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فلم ساز اور مصنفہ سیما کپور کا کہنا تھا کہ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب میں امید سے تھی اور وہ کسی اور عورت کے عشق میں مبتلا ہوگئے تھے۔
فلم اور ٹی وی کے اداکار انو کپور، کہانی نگار رنجیت کپور اور فلم ساز نکھیل کپور کی ہمشیرہ سیما کا کہنا تھا کہ جب انکی بےوفائی ناقابل برداشت ہوگئی اور ان دونوں کے درمیان راہ و رسم کافی بڑھ گئے تو میں نے انھیں چھوڑنا مناسب سمجھا۔
انھوں نے کہا کہ افسوسناک پہلو یہ تھا کہ انکا بچہ نہ بچ سکا، جس کے بعد اوم پوری نے ایک سیکریٹری کے ذریعے مجھے 25 ہزار روپے بطور معاوضہ بھجوایا جو میں لینے سے انکار کردیا تھا۔
سیما کپور نے کہا کہ شادی کے بعد سب کچھ ٹھیک تھا لیکن 1992 کی فلم ’’سٹی آف جوائے‘‘ کے دوران اوم صاحب کی نندیتا نامی خاتون سے ملاقات ہوئی اور پھر سب کچھ الٹا ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ ان دونوں کے معاملات سے میری سہیلیاں بھی آگاہ تھیں لیکن وہ سمجھتی تھیں مجھے بھی پتہ ہوگا اور وقتی معاملہ ہے۔ سیما کے مطابق اوم پوری نے اپنی زندگی کے آخری سالوں میں ان سے معافی مانگی تھی۔