ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ صومالی قزاقوں کی جانب سے اغواء کردہ جہاز اس وقت اییل کے قریب پُنٹ لینڈ کے ساحل پر لنگر انداز ہے۔
انہوں نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ صومالیہ کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب 21 اپریل کو آئل ٹینکر کو قزاقوں نے اغواء کیا تھا، جس میں پاکستانیوں سمیت 70 افراد سوار تھے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ جبوتی نے صومالی حکام سے رابطہ کیا ہے، صومالی وزارتِ خارجہ نے عملے کی حفاظت یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ قزاق جہاز کے مالک سے رابطے میں ہیں اور عملے کی خیریت سے متعلق مثبت اشارے ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صومالیہ کے ساحلی علاقوں میں قذاقی کے واقعات ماضی سے جاری ہیں اور عالمی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، عملے کی سلامتی اور جلد وطن واپسی اوّلین ترجیح ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔