اب بھی کئی ایک میری طرح کے بڈھے کھوسٹ اس دلفریب دنیا میں موجود ہیں جو اس بات پر مجھ سے ناراض رہتے ہیں کہ میں کچھ وقفے بعد بڑھاپے کی باتیں کیوں کرنے لگتا ہوں؟لکھنے کیلئے دنیا بھر میں بکھرے ہوئے موضوع ختم ہوچکے ہیں ؟ کیاتم دیور اور دیورانیوں کے موضوع پرقصے کہانیاں نہیں لکھ سکتے؟ بار بار بڑھاپے کی باتیں لیکر بیٹھ جاتے ہو۔تیسری عالمگیر جنگ لگ چکی ہے ۔ تم تیسری عالمگیر جنگ کے بارے میں کیوں نہیں لکھتے ؟ بچپن کی طرح بڑھاپا آنے جانے والی چیز ہے ۔ بڑھاپے کو موضوع بنانا تمہارے پھکڑ پن کی نشاندہی کرتا ہے ۔
یہیں سے ہم ، ہم عمر اور ہم عصروں کے درمیان گڑبڑہوجاتی ہے ۔بڑھاپا بچپن کی طرح آنے جانے والی چیز نہیں ہے ۔ بچپن آتا ہے ،جاتے ہوئے بچپن ہمیں لڑکپن کے حوالے کرجاتا ہے ۔ لڑکپن جاتے ہوئے ہمیں نوجوانی کے حوالے کرجاتا ہے ،نوجوانی جاتے ہوئے ہمیں جوانی کے سپرد کرجاتی ہے ۔ جوانی بھی آنے جانے والی چند روزہ عارضی فصلی موسم ہوتی ہے ۔ جاتے ہوئے جوانی ہمیں ادھیڑ عمر کے حوالے کرجاتی ہے ۔ ادھیڑ عمر کو رخصت ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ادھیڑ عمر ہمیں بڑھاپے کی دہلیز پر چھوڑ جاتی ہے اور پھر شروع ہوتا ہے ، غیر معمولی ، خلاف دستور زندگی کا انوکھا حیرت انگیز دور۔ ہمیں حیرانی اور الجھنوں میں چھوڑ کر بڑھاپا کہیں نہیں جاتا ۔ انجانے انوکھے اور غیر مانوس سفر پر بڑھاپا ہمیں اپنے ساتھ لے جاتا ہے ۔ زندگی کے مختلف ادوار کا بوجھ ہم نے اپنے کندھوں پر اٹھایا ہوا ہوتا ہے ۔ یادوں کی بھول بھلیوں میں کچھ ہمیں یاد رہ جاتا ہے اوربہت کچھ ہمیں پھر کبھی یاد نہیں آتا۔ انوکھے سفر میں سمت کا نہ اطراف کا پتا چلتا ہے کشتی تو چل رہی ہوتی ہے مگر ملاح دکھائی نہیں دیتا۔ ایسے میں برمحل کسی کے منہ سے کوئی بات سن لیں تو پھر ایک کے بعد ایک سوچ کا لامتناہی سلسلہ چل نکلتا ہے ۔
ابھی کچھ دیر پہلے کسی کے منہ سے سنا تھا کہ تیسری جنگ عظیم یعنی تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ بات سن کر مجھے تعجب ہوا تھا۔ یہ درست ہے کہ بڑھاپے میں آدمی بہت کچھ بھول بیٹھتا ہے عام طور پر میری عمر کے لوگ بھلکڑ ہوجاتے ہیں ۔ اپنے گھر تک کا پتا بھول جاتے ہیں۔ گھر میں اپنے کنبے کے لوگوں کے نام اور شکلیں تک بھول جاتے ہیں نیورولوجسٹ دماغ یعنی بھیجے کے ڈاکٹر اس مرض کا نام الزائمر بتاتے ہیں میں بھلکڑ ہوگیا ہوں مگر میں الزائمر میں مبتلا نہیں ہوں۔ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے آج سے تقریباً پچاس ساٹھ برس پہلے دنیا میں تیسری جنگ عظیم یعنی عالمی جنگ لگ چکی تھی ۔ اس بات کا مجھے پورا یقین ہے۔آج کل نہ جانے کونسی جنگ لگی ہوئی ہے میں نہیں جانتا ، کون سےممالک آپس میں لڑ مر رہے ہیں؟ میں قطعی کچھ نہیں جانتا میں یہ تک نہیں جانتا کہ امن کا گہوارہ بنی ہوئی اس دنیا میں آج کل کوئی جنگ لگی ہوئی ہے اور اگر کوئی جنگ لگی ہوئی ہے تو وہ تیسری جنگ عظیم ہے میں نہیں جانتا میں بس جانتا ہوں کہ کوئی تیسری جنگ عظیم ہے مجھے پورا یقین ہے کہ آج سے پچاس ساٹھ برس پہلے تیسری جنگ لڑی گئی تھی ، دس برس وہ جنگ چلتی رہی تھی اس تیسری جنگ عظیم میں ایک سپرپاور کو عبرت ناک شکست ہوئی تھی ۔ شکر ہے خدا کا کہ تیسری جنگ عظیم کے بارے میں تمام حقائق مجھے یاد ہیں مگر میں اس سپرپاور کا نام بھول چکا ہوں جس کو تیسری جنگ عظیم میں منہ کی کھانی پڑی تھی ۔ سپر پاور تیسری عالمگیر جنگ بری طرح سے ہارگئی تھی ۔ اچھا ہوا ہے کہ میں تیسری جنگ عظیم ہارنے والی سپر پاور کا نام بھول چکا ہوں وہ شکست خوردہ سپر پاور آج بھی سپرپاور ہے ۔ میں نہیں جانتا کہ ہم کیڑے مکوڑے اس ہارنے والی سپر پاور کا نام اپنی گندی زبان پر لا بھی سکتے ہیں یا کہ نہیں۔ بہرحال مجھے یقین ہے کہ آج سے پچاس ساٹھ برس پہلے دنیا میں تیسری عالمی یعنی تیسری جنگ عظیم لڑی گئی تھی۔ وہ بھی لگاتار دس برس تک اور تیسری جنگ عظیم میں ایک سپر پاور کو عبرت ناک شکست کھانی پڑی تھی ۔
اتنا تو مجھ بھلکڑ کو بھی یاد ہے کہ تیسری جنگ عظیم میں ایک ننھے منے چھوٹے سے ملک ویتنام نے سپر پاور کے دانت کھٹے کردیئےتھے ، سپرپاور کا نام میں بھول چکا ہوں اگر مجھے یاد ہوتا تو رکھ رکھاؤ کے بغیر شکست خوردہ سپرپاور کا نام میں آپ کو ضرور بتادیتا۔ آپ کے چہرے پر میں مسکراہٹ دیکھ سکتا ہوں۔ ہاں! یہ درست ہے کہ میں بولتی بند کردینے والوں سے گھبراتا ہوں بلکہ ڈرتا ہوں یہ میری روزی روٹی کا سوال ہے بابا ، نہ جانے وہ کونسا دور تھا جب ٹارزن کالم لکھا کرتا تھا ۔
مجھے کیوں یاد نہیں پڑتا کہ آج کل بھی کوئی جنگ لڑی جارہی ہے اور وہ جنگ تیسری عالمگیر جنگ کہلوانے میں آرہی ہے ۔ میں بس اتنا جانتا ہوں کہ پچاس ساٹھ برس پہلے تیسری جنگ عظیم لگاتار دس برس تک لڑی گئی تھی ۔ جس میں ایک سپرپاور کو عبرتناک شکست کھانی پڑی تھی۔ وہ تیسری عالمگیر جنگ تھی اس بارے میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے ۔ آج کل اگر کہیں جنگ لڑی جارہی ہے تو وہ جنگ قطعی طور پر تیسری جنگ عظیم نہیں ہے ۔تیسری جنگ عظیم لڑی جاچکی ہے ۔آج کل اگر کہیں جنگ لڑی جارہی ہے تو وہ چوتھی عالمگیرجنگ کہلوانے میں آسکتی ہے مگر تیسری عالمگیر جنگ ہرگز نہیں ۔