برطانوی شاہی خاندان کے منحرف شہزادے ہیری نے برطانیہ سے اپنی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مارکل کو بنیادی عزت اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ میگھن ماضی کے تلخ تجربات کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اس لیے میں چاہتا ہوں کہ ان کے خاندان کو مکمل تحفظ اور احترام دیا جائے۔
شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق شہزادہ ہیری کی جانب سے میگھن کے حق میں مسلسل مطالبات پر بعض حلقے ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں تاہم ہیری کا مؤقف ہے کہ وہ صرف اپنی اہلیہ کے لیے بنیادی احترام چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 2020ء میں شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
بعد ازاں دونوں نے شاہی خاندان پر اپنے بیٹے، شہزادے آرچی کے حوالے سے نسلی تعصب کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
یہ جوڑا اس وقت امریکا میں اپنی بیٹی شہزادی لیلی بیٹ اور شہزادے آرچی کے ساتھ مقیم ہے۔