اوسلو میں معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سفارت خانۂ پاکستان ناروے کے زیرِ اہتمام پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں صحافیوں، سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور دیگر اہم شخصیات نے بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کا آغاز قاری محمودالحسن نے تلاوتِ قران پاک سے کیا، پھر قومی ترانہ پیش کیا گیا، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا ویڈیو پیغام اور معرکۂ حق پر ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔
وزیرِ اعظم پاکستان کا پیغام ڈاکٹر رابیل مصطفیٰ سومرو نے اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام سلیم اللّٰہ علوی نے پڑھا۔
ناروے میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر رانا محمد فراز نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سر انجام دیے۔
تقریب سے ناروے میں موجود پاکستانی سفیر سعدیہ الطاف قاضی، کرنل طاہر محمد حشام اور دیگر نے خطاب کیا جب کہ نوید آصف شامی نے قومی نغمہ پیش کیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور تقریب کے آخر میں جماعتِ اہل سنت کے امام سید نعمت علی شاہ نے اختتامی دعا بھی کروائی، تقریب میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معرکۂ حق کی اہمیت اور قوم کے اجتماعی عزم پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایک جنگجو مشرقی پڑوسی کی طرف سے درپیش چیلنجز کے درمیان قوم اپنی لچک میں اٹل ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے، جس کا عالمی برادری نے بھی اعتراف کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ قوم دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اپنی قیادت اور بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے، وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جو آپریشن بنیان مرصوص میں ثابت ہوا ہے۔
قومی ترانوں کی لائیو پرفارمنس کے علاوہ یہ تقریب آئی ایس پی آر کی جانب سے اس موقع پر جاری کیے گئے دو نئے حب الوطنی کے گیتوں کی پرجوش پیشکش سے بھرپور تھی۔
تقریب کا اختتام تجدیدِ قومی عہد، ایک مضبوط، خوش حال اور زیادہ لچکدار پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد، ترقی اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہوا۔