برسلز: معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر دنیا بھر کی طرح بیلجیئم کے شہر اوورائیز میں تقریب جوش و جذبہ اور حب الوطنی سے سرشار خوشی کے ساتھ منائی گئی۔
تقریب میں سفارتخانہ پاکستان برسلز کے قونصلر اسد اعوان، پریس قونصلر میاں صغیر وٹو، ملک شرجیل اعوان، چوہدری حق نواز ہنجرا اور عمیر بٹ نے بطور مہمان خاص شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری حق نواز ہنجرا نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم اوورسیز پاکستانی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ہالینڈ سے معروف سیاسی سماجی رہنما ملک شرجیل اعوان نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بارڈرز پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ جنگ میں مصروف تھے جبکہ ہمارے اوورسیز اسٹوڈنٹس نے اپنے اپنے سرکل میں پاکستان کا دفاع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی مخاذ پر جس انداز میں پاکستان کا سافٹ امیج اُجاگر کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔ سپر پاور امریکہ کے صدر ٹرمپ آج فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کا نام عزت سے لیتے ہیں۔
معرکہ حق کی تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کےلیے اوورسیز پاکستانی ملک کا مثبت چہرہ اُجاگر کرنے میں ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔
شرکاء نے افواج پاکستان کی آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کو پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور بھارت کے گودی میڈیا کو بھارت کی سبکی اور ذلت کا ذریعہ قرار دیا جس نے جھوٹی خبروں سے دنیا بھر میں ہزیمت اٹھائی اور اپنے ہی ملک کی جگ ہنسائی کروائی۔