• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے امریکا کیلئے 4 سرخ لکیریں کھینچ دیں، ڈونلڈ ٹرمپ شی جن پنگ ملاقات سے پہلے سخت پیغام جاری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ چین سے قبل بیجنگ نے امریکا کے ساتھ تعلقات میں 4 اہم ’سرخ لکیریں‘ واضح کر دیں۔ 

امریکا میں موجود چینی سفارت خانے کے مطابق تائیوان، جمہوریت و انسانی حقوق، سیاسی نظام اور چین کے ترقیاتی حقوق ایسے معاملات ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 2 روزہ ملاقات میں تائیوان کا معاملہ سب سے اہم موضوع ہو گا۔

چین نے ایک بار پھر امریکا کی جانب سے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

چین کے تائیوان امور کے دفتر کی ترجمان ژانگ ہان نے کہا ہے کہ تائیوان ’چین کے بنیادی مفادات کا مرکز‘ ہے اور امریکا کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہو گی۔ 

اُنہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور تائیوان کے درمیان کسی بھی قسم کے فوجی تعلقات کو بیجنگ قبول نہیں کرے گا۔

بھارتی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا بظاہر ’ون چائنا پالیسی‘ پر قائم ہے تاہم وہ تائیوان کو دفاعی ساز و سامان فراہم کرتا رہا ہے، دسمبر میں ٹرمپ انتظامیہ نے تائیوان کے لیے 11 ارب ڈالرز کے اسلحہ پیکیج کا اعلان کیا تھا جو اب تک کا سب سے بڑا دفاعی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تائیوان کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارتی کشیدگی، مصنوعی ذہانت کی دوڑ، نایاب معدنیات کی برآمدات اور امریکی پابندیوں جیسے معاملات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

چین نے واضح کیا ہے کہ باہمی احترام، پُرامن اور باہمی تعلقات اور مشترکہ مفاد ہی دونوں طاقتوں کے تعلقات کا درست راستہ ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید