گرمیوں میں ٹھنڈا تربوز کھانا لوگوں کی پسندیدہ غذا مانی جاتی ہے لیکن حالیہ دنوں میں تربوز کھانے سے متعلق چند واقعات کے بعد اس کی حفاظت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ماہرین کے مطابق تربوز کھانا محفوظ ہے تاہم کٹنے کے بعد اسے صحیح طریقے سے محفوظ رکھنا بے حد ضروری ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق تربوز میں پانی اور قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے گرمی میں اس پھل میں بیکٹیریا تیزی سے پیدا ہو سکتے ہیں، اگر کٹا ہوا تربوز زیادہ دیر تک باہر رکھا جائے تو یہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ تربوز کو کاٹنے سے پہلے اچھی طرح دھویا جائے اور کٹنے کے فوراً بعد فریج میں بند ڈبے (ایئر ٹائٹ کنٹینر) میں محفوظ کیا جائے، کھلے ماحول میں رکھا گیا تربوز آلودگی کا شکار ہو سکتا ہے، خاص طور پر بچوں اور کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کے لیے یہ زیادہ خطرناک ہے۔
تربوز خریدتے وقت تازہ اور بغیر دراڑ والا پھل منتخب کریں۔
کاٹنے سے پہلے ہاتھ اور چاقو اچھی طرح صاف کریں۔
پہلے سے کٹا ہوا اور باہر رکھا تربوز کھانے سے گریز کریں۔
کٹے ہوئے ٹکڑوں کو بند ڈبے میں فریج میں رکھیں۔
پھل زیادہ دیر باہر رکھنے کے بجائے جلد استعمال کر لیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صفائی اور درست اسٹوریج پر توجہ دے کر تربوز کو گرمیوں میں محفوظ اور صحت بخش انداز میں کھایا جا سکتا ہے۔